رکن صوبائی اسمبلی رانا طاہر اقبال کی قیادت میں فیروزوالہ میں “معرکۂ حق” اور آپریشن بنیان المرصوص کی یاد میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے شاندار ریلی نکالی گئی جبکہ سی او آفس فیروزوالہ میں رنگا رنگ میوزیکل نائٹ اور فائر ورکس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ریلی پھول منڈی چوک سے شروع ہو کر دوساکو چوک تک پہنچی جہاں شرکاء نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔
ریلی میں سیاسی، سماجی اور سرکاری شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ “پاک فوج زندہ باد”، “پاکستان پائندہ باد” اور “ہم اپنی فوج کے ساتھ ہیں” کے فلک شگاف نعروں سے فیروزوالہ کی فضاء حب الوطنی سے گونج اٹھی۔
تقریب میں یوتھ رہنما معمر حسنی رسول، تحصیل صدر محمود اختر گورائیہ، اسسٹنٹ کمشنر محمد عدیل خان، ڈی ایس پی عرفان سعید، چیف آفیسر محمد شبیر احمد، چیف آفیسر کوٹ عبدالمالک میڈم ریجا لطیف، صدر پریس کلب آصف حسین بھٹی، طاہر محمود بھٹی، حاجی عبدالحمید رحمانی، ملک اقبال کھوکھر، رانا علی، مظفر علی گجر، مظہر حسین کھوکھر اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
سی او آفس فیروزوالہ میں منعقدہ میوزیکل نائٹ میں مقامی فوک گلوکاروں نے ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کیے جبکہ فائر ورکس کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا جس سے شرکاء کا جوش و جذبہ مزید بڑھ گیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رانا طاہر اقبال نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں قومی سلامتی، خودمختاری اور وقار کی علامت ہیں۔ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن پاکستان کے خلاف کسی بھی سازش میں کامیاب نہیں ہو سکتا کیونکہ قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہے۔ آپریشن بنیان المرصوص نے قوم کے حوصلے بلند کیے ہیں اور آج کی یہ ریلی پاک فوج سے محبت، اعتماد اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی حفاظت، سلامتی اور استحکام کیلئے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔












