مومنہ اقبال کی درخواست کی کاپی منظر عام پر آگئی، سنگین الزامات عائد
اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے درمیان قانونی تنازع شدت اختیار کر گیا، جبکہ اداکارہ کی جانب سے تھانہ چوہنگ میں دی گئی درخواست کی کاپی بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
درخواست میں اداکارہ مومنہ اقبال نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ثاقب چدھڑ نے سال 2022 میں انہیں شادی کی پیشکش کی تھی، تاہم بعد ازاں انہیں معلوم ہوا کہ وہ پہلے سے دو شادیاں کر چکے ہیں، جس کے بعد انہوں نے ان سے رابطہ ختم کر دیا۔
اداکارہ کے مطابق تعلق ختم کرنے پر ثاقب چدھڑ مبینہ طور پر مشتعل ہوگئے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ درخواست میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ ثاقب چدھڑ کی اہلیہ کی جانب سے بھی اداکارہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی رہیں۔
مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں مزید دعویٰ کیا کہ ان کی شادی طے ہونے کے بعد ملزم نے واٹس ایپ پر AI سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ اداکارہ کے مطابق ان کی بہن کو بھی مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے جبکہ ان کے منگیتر حمزہ کو بھی ہراساں کیا جاتا رہا۔
اداکارہ نے متعلقہ حکام سے قانونی کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے، جبکہ اس معاملے پر تاحال ثاقب چدھڑ کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔












