اٹلی میں نیا لیبر ڈیکری منظور، “صحیح تنخواہ” دینے والی کمپنیوں کو ہی مراعات ملیں گی

Author

اٹلی میں Consiglio dei Ministri نے یومِ مزدور (1 مئی) سے قبل ایک اہم لیبر ڈیکری کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد “صحیح تنخواہ” کے نظام کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع بڑھانا اور ڈیجیٹل استحصال (کیپورالاتو) کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔
وزیراعظم Giorgia Meloni نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کا یہ اقدام ان اطالوی شہریوں کیلئے خراجِ تحسین ہے جو اپنی محنت سے ملک کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ برسوں میں اٹلی میں روزگار کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ بے روزگاری، خصوصاً نوجوانوں اور خواتین میں، تاریخی حد تک کم ہوئی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق اس ڈیکری کے تحت تقریباً ایک ارب یورو مختص کیے گئے ہیں تاکہ روزگار کے مختلف شعبوں میں مراعات دی جا سکیں۔ تاہم ایک اہم شرط یہ رکھی گئی ہے کہ یہ مراعات صرف اُن کمپنیوں کو ملیں گی جو ملازمین کو “مکمل اور منصفانہ معاوضہ” فراہم کریں گی، جس میں صرف بنیادی تنخواہ نہیں بلکہ دیگر مالی فوائد بھی شامل ہوں گے۔
حکومت نے اس قانون میں “ڈیجیٹل کیپورالاتو” کے خلاف بھی سخت اقدامات شامل کیے ہیں، جو خاص طور پر آن لائن پلیٹ فارمز سے وابستہ رائیڈرز اور ڈیلیوری ورکرز کے استحصال سے متعلق ہے۔ اس حوالے سے نئے قواعد مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے متعارف کرائے گئے ہیں۔
وزیراعظم میلونی نے کم از کم اجرت کے قانون کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مجموعی تنخواہوں میں کمی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ اجتماعی معاہدوں (کنٹریکٹس) کی جگہ لے سکتا ہے۔ ان کے مطابق بہتر حل یہ ہے کہ مضبوط لیبر کنٹریکٹس کے ذریعے ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
دوسری جانب CISL کی سیکرٹری جنرل ڈینیلا فومارولا نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے تنخواہوں اور ملازمت کے معیار میں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق اب وہ کمپنیاں جو کم معیار کے کنٹریکٹس استعمال کرتی ہیں، انہیں بھی بہتر اور منصفانہ شرائط اپنانا ہوں گی۔
ماہرین کے مطابق یہ قانون اٹلی میں لیبر مارکیٹ کو مزید مستحکم بنانے، ملازمین کے حقوق کو یقینی بنانے اور غیر رسمی استحصال کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں