پیٹرولیم ڈویژن نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ کرتے ہوئے 19 روپے 39 پیسے بڑھائے گئے ہیں، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ اس کے علاوہ پیٹرول پر عائد لیوی بھی 103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 112 روپے 14 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 28 روپے 69 پیسے سے بڑھا کر 37 روپے 33 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
مزید برآں ہائی آکٹین پر لیوی میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اسے 305 روپے 37 پیسے سے بڑھا کر 307 روپے 52 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اس اضافے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے مہنگائی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔












