پیرس میں “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ پر شاندار تقریب

Author

پیرس میں “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار، پروقار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور ملکی دفاع میں تاریخی کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
تقریب کی میزبانی چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال نے کی جبکہ سفارتخانہ پاکستان پیرس کے اعلیٰ حکام اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
شرکاء نے اپنے خطابات میں کہا کہ “معرکہ حق” نے پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اتحاد، عزم اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کا دفاع کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور مستقبل قریب میں عالمی فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ جہاں بھی رہیں اپنے ملک، زبان، ثقافت اور افواجِ پاکستان پر فخر کریں اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کریں۔
مقررین نے آپریشن “بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران افواجِ پاکستان کا ردعمل انتہائی تیز، فیصلہ کن اور مؤثر تھا، جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور پہلی مرتبہ ایسا منظر دیکھنے میں آیا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام ایک آواز بن کر قومی دفاع کیلئے متحد دکھائی دیے۔
تقریب کے دوران “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے جبکہ “معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان کی کامیابی کی خوشی میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن، قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور مضبوط تشخص اجاگر کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں