پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹس پر ویزا ختم کرنے کا معاہدہ

Author

پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل اس وقت عبور کیا گیا جب اٹلی کے دارالحکومت روم میں سفارتی پاسپورٹس رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے پر پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری جنرل ریکارڈو گواریلیا نے اطالوی وزارتِ خارجہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران دستخط کیے۔
دستخطی تقریب سے قبل دونوں اعلیٰ سفارتی شخصیات کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور اقوام متحدہ و یورپی یونین سمیت بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ اشتراکِ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں فریقوں نے اس معاہدے کو باہمی اعتماد، دوستی اور مضبوط سفارتی تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی اور دوطرفہ روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
پاکستان اور اٹلی کے درمیان اس وقت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں فعال ہیں جبکہ سیاحت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، اعلیٰ دفاعی تعلیم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون سمیت مختلف شعبوں میں 15 سرکاری معاہدے پہلے ہی نافذ العمل ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009 میں، اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2013 میں، مشترکہ اقتصادی کمیشن 2005 میں، سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ 1997 میں، دوہری شہریت کا معاہدہ 1983 میں جبکہ حوالگیِ ملزمان (Extradition Treaty) کا معاہدہ 1972 میں طے پایا تھا۔
یاد رہے کہ 7 مئی 2025 کو اسلام آباد میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان ’’لیبر موبیلیٹی اینڈ مائیگریشن‘‘ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے تھے، جو کسی یورپی ملک کے ساتھ پاکستان کا پہلا باقاعدہ لیبر معاہدہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی افرادی قوت کے لیے اٹلی میں 10,500 مخصوص ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
پاکستانی سفیر علی جاوید نے اس موقع پر اٹلی کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کے ساتویں دور کے انعقاد کے لیے 2026 کی آخری سہ ماہی میں اجلاس بلانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں نئی تعمیر شدہ اطالوی سفارت خانے کی عمارت کے افتتاح کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں