روم میں کچرے کے تنازع پر خونریز واقعہ، 18 سالہ نوجوان نے 54 سالہ پڑوسی کو قتل کر دیا

Author

اٹلی کے دارالحکومت روم کے علاقے کاسال دل مارمو میں کچرے کو لے کر پڑوسیوں کے درمیان جاری تنازع ایک ہولناک قتل پر ختم ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 54 سالہ شخص کو ایک 18 سالہ نوجوان نے جھگڑے کے دوران جان لیوا حملہ کرکے قتل کر دیا۔
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 2 جون کی رات ایک رہائشی عمارت میں پیش آیا جہاں مقتول اور عمارت کے بعض رہائشیوں کے درمیان کافی عرصے سے کچرے اور صفائی کے معاملات پر اختلافات چل رہے تھے۔ واقعے کے روز جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس کے بعد نوجوان نے حملہ کر دیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، تاہم شدید زخمی ہونے کے باعث 54 سالہ شخص جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے 18 سالہ ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقتول نے اس سے قبل رہائشیوں سے اپیل کی تھی کہ اس کے گھر کے باہر کچرا نہ رکھا جائے، جس پر عمارت میں کئی بار تلخ کلامی بھی ہو چکی تھی۔ تفتیشی ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں