اٹلی-ملیشیا بزنس فورم: وزیراعظم انور ابراہیم کا دورہ روم، اسلامی مرکز کو قرآن مجید کا نایاب تحفہ

روم (راجہ ذوالفقار علی )

وزارتِ خارجہ اٹلی اور ملیشین اداروں کے باہمی تعاون سے منعقدہ اٹلی-ملیشیا بزنس فورم کے موقع پر وزیراعظم ملیشیا انور ابراہیم نے روم کا دورہ کیا۔ اس اہم ملاقات میں ان کے ہمراہ وزیر خارجہ محمد حسن اور وزیر سرمایہ کاری، تجارت و صنعت تینگکو زفرول عزیز بھی موجود تھے۔

 

اس موقع پر وزیراعظم انور ابراہیم نے اٹلی کے اسلامک کلچرل سینٹر – جامعہ مسجد روم کو قرآن مجید کا ایک خصوصی عربی نسخہ اور اطالوی زبان میں ترجمہ شدہ 10 نسخے بطور تحفہ پیش کیے۔ اسلامی مرکز کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ ردوآن نے اٹلی میں اسلام کی موجودہ صورتحال اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ میں ملیشیا کے ہم آہنگ ماڈل پر روشنی ڈالی۔

رپورٹ کے مطابق، اجلاس میں ائمہ کے کردار کو اجاگر کیا گیا کہ وہ نہ صرف مذہبی رہنما ہیں بلکہ اسلام کے حقیقی پیغام، یعنی محبت، رواداری اور مکالمے کو فروغ دینے والے نمائندے بھی ہیں۔ اجلاس میں اٹلی اور ملیشیا کے مابین مذہبی سیاحت کے فروغ پر بھی زور دیا گیا، خاص طور پر جامعہ مسجد روم کو یورپ کی سب سے بڑی اسلامی درسگاہ اور سیاحتی مقام کے طور پر پیش کیا گیا۔

وزیراعظم انور ابراہیم نے اپنے خطاب میں اعتدال پسند، ہم آہنگ اور تعلیم پر مبنی اسلام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے مسئلے کو دانشمندی اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، اور عالمی مسلم برادری کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کیا جانا چاہیے۔

تقریب میں ممتاز شخصیات بھی شریک ہوئیں، جن میں ڈاکٹر عادل عامر (صدر، مصری کمیونٹی اٹلی) اور امام یحییٰ پلاویچینی (نائب صدر، اطالوی اسلامی مذہبی کمیونٹی COREIS) سمیت دیگر نمائندگان شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں