پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 اختتام پذیر، چترال سکاوٹس اے چیمپئن قرار

Author

پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 سنسنی خیز اور شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، جس کے فائنل میچ میں چترال سکاوٹس اے نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز اے کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم چترال سکاوٹس اے نے بہترین ٹیم ورک، جارحانہ حکمت عملی اور شاندار کارکردگی کی بدولت میدان مار لیا۔ کامیابی کے ساتھ ہی کھلاڑیوں اور شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر چترال سکاوٹس کے ٹیم کمانڈر صوبیدار میجر اسرار ولی خان کو ان کی نمایاں کارکردگی پر مین آف دی ٹورنامنٹ جبکہ حوالدار آصف حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز کے کپتان اظہار علی خان کے گھوڑے نے بیسٹ ہارس کا اعزاز اپنے نام کیا۔
فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل ارسلان تھے۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر فاتح ٹیم کے لیے دو لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا گیا۔
پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے چترال کے مختلف علاقوں، گلگت بلتستان، ملک کے دیگر شہروں اور بیرونِ ملک سے آنے والے فری اسٹائل پولو کے ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔ اندازاً تیس ہزار سے زائد تماشائیوں نے فائنل میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
شائقین پولو نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ خطے میں سیاحت کے فروغ، مقامی معیشت کی بہتری اور ثقافتی روایات کو زندہ رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں