جدہ (محمد عدیل )
جدہ میں پاکستانی صحافیوں کی جانب سے سعودی عرب کے 94ویں یومِ وطنی کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی ایمبیسیڈر آفتاب احمد کھوکھر تھے۔ اس تقریب میں پریس قونصلر چوہدری عرفان اور قونصلیٹ کے دیگر افسران سمیت پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر آفتاب کھوکھر نے سعودی عرب کو یومِ وطنی کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاک سعودی تعلقات کی تاریخی اور مضبوط بنیادوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے۔ پاکستانی عوام کے دلوں میں سعودی عرب کے لیے گہری محبت ہے، اور دونوں ممالک کا مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
سفیر آفتاب کھوکھر نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کو اپنا دوست پایا، اور یہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ پاک سعودی تعلقات کو مثبت انداز میں پیش کریں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی او آئی سی میں اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر مسلم امہ کے مسائل کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر امیر محمد خان نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ صحافی ریاض گھمن نے سعودی عرب کی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا اور خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہا۔ چہانگر خان نے پاک سعودی دوستی کی اہمیت پر زور دیا اور سفیر آفتاب کھوکھر کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا اختتام سعودی عرب کی 94ویں سالگرہ کا کیک کاٹ کر کیا گیا، جس کے ساتھ سعودی اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے اور سعودی ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔