علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے ٹرمینل کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے اور حکام کے مطابق اسے رواں برس مسافروں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق تقریباً 26 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیے جانے والے اس بڑے منصوبے کا بنیادی انفراسٹرکچر مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اندرونی تکمیلی کام تیزی سے جاری ہے۔
نئے ٹرمینل کے فعال ہونے کے بعد ایئرپورٹ کی سالانہ مسافر گنجائش 50 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی، جس سے نہ صرف مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ فضائی آپریشن بھی مزید مؤثر اور منظم ہو جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق ٹرمینل میں عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی نصب کی جا رہی ہے، جس کے تحت اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو آرام دہ اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بورڈنگ پاس کاؤنٹرز کی تعداد تین گنا بڑھا دی گئی ہے جبکہ خودکار سیلف سروس مشینیں بھی نصب کی جا رہی ہیں تاکہ مسافروں کو قطاروں میں کم وقت گزارنا پڑے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت دھند، بارش یا خراب موسم کے دوران بھی فلائٹ آپریشن متاثر نہیں ہوگا، جس سے پروازوں کے شیڈول میں نمایاں بہتری آئے گی۔












