صنعتی شعبے کو درپیش توانائی مسائل کے فوری حل پر زور
توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل اور صنعتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں باہمی کوآرڈینیشن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صنعتی شعبے کو درپیش تکنیکی اور انتظامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا۔
چیئرمین انرجی سب کمیٹی محمد کامران عربی نے کے الیکٹرک اور ایسوسی ایشن کے درمیان بہتر رابطوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کے تسلسل کیلئے تکنیکی خرابیوں کا بروقت حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ شکایات کے فوری ازالے کیلئے مؤثر نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔
زونل چیئرمین اپٹپما انور عزیز نے اجلاس کے دوران سی ای او کی توجہ انکریمنٹل یوز بینیفٹ کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی سے متعلق صنعتکاروں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ صنعتی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صنعتوں کو درپیش توانائی مسائل کے حل کیلئے باہمی تعاون اور مؤثر رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔












