پاک روس تعلقات کو کھیلوں اور ثقافت کے ذریعے مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Author

پاکستان اور روس کے درمیان کھیلوں، ثقافت اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ایبی لمپکس پاکستان اور اوربٹ میڈیا کمپنی کے زیرِ اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل پی سی میں نو تعینات ڈائریکٹر رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی نیکیتاس کوسیاکوو کے اعزاز میں ایک پُروقار استقبالیہ عشائیہ منعقد کیا گیا، جو پاک روس دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم تقریب ثابت ہوئی۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، سماجی و ثقافتی حلقوں کے نمائندگان، کھلاڑیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کے فروغ، کھیلوں کے میدان میں روابط بڑھانے اور ثقافتی تبادلوں کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل، ثقافت اور نوجوانوں کے تبادلہ پروگرامز دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سطح پر روابط مضبوط ہونے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
تقریب کے دوران رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی کے کردار کو بھی سراہا گیا، جسے پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط کے فروغ کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔
رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی کے ڈائریکٹر نیکیتاس کوسیاکوو نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل مختلف قوموں اور ثقافتوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کا ایک خوبصورت اور مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس سرگرمیاں نوجوان نسل کو قریب لانے، باہمی اعتماد پیدا کرنے اور دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان کھیلوں، ثقافت اور عوامی روابط کا فروغ دونوں ممالک کے تعلقات کیلئے نہایت اہم ہے اور اس نوعیت کی تقریبات مستقبل میں مزید تعاون کی راہ ہموار کریں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید سخاوت علی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور روس کے درمیان اسپورٹس پروگرامز مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ فریحہ عاقب نے نوجوانوں کے ثقافتی وفود کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں